Wednesday, June 21, 2017

سستا سونا

لفظ سونا سے مراد سونا، نیند آنا ہے لیکن غور کیا جائے تو سونا سے مراد ہے کہ سونا  یعنی سونا مت - میری بیگم کہتی ہے کہ مجھے سونا اچھا لگتا ہے لیکن میرا سونا اور اس کا سونا دو مختلف معنی رکھتا ہے- بیگم جب کہتی ہے کہ اب مجھے سونا چاہیے تو میرا دل دہل جاتا ہے لیکن جب واضح ہوتا ہے کہ سونا چاہیے سے مراد نیند ہے تو پھر کہیں جان میں جان آتی ہے ہمارے مذہب میں مَردوں کیلئے سونا حرام ہے اور ہمارے معاشرے میں بھی مَردوں کے لئے سونا حرام ہے مجال ہے کہ بچے آپ کو سکون سے گھر میں سونے دیں

  ہاں تو میں کہہ رہا  تھا  مَردوں کے لئے سونا حرام ہے اور عورتوں کیلئے سونا حلال ہے اسی لئے عورتیں زیادہ سوتی ہیں رات کو خوب سوتی ہیں صبح خاوند کے آفس جانے اور بچوں کو سکول بھیجنے کے بعد پھر سو جاتی ہیں-کہتے ہیں کہ سونے سے تھکاوٹ دور ہو جاتی ہے؛  جی ہاں کبھی میرا بھی یہی خیال تھا لیکن اب سونے سے میری تھکاوٹ دور  نہیں بلکہ اور  بڑھ جاتی ہے جبکہ تھکاوٹ کا  ذرہ برابر بھی احساس نہیں ہوتا  --- جی ہاں  ---- میری بیگم کو  ----اور جس روز وہ گولڈ مارکیٹ میں گھومتی ہے  گولڈ خریدنے کیلئے-  دراصل وہ خود نہیں گھوم رہی ہوتی بلکہ مجھے گھما رہی ہوتی ہے اور اس روز میں بہت تھک جاتا ہوں اور اتنی تھکاوٹ شاید مجھے پیسے کمانے میں نہیں ہوتی جتنی سونے کیلئے پیسہ لٹانے پر ہو جاتی ہے اور اس روز پیسوں کے ساتھ ساتھ میں بھی لُٹ جاتا ہوں اور پھر گھر آ کر میں تھک ہار کے گھوڑے بیچ کر نہیں بلکہ اپنی تنخواہ بیچ کر سوجاتا ہوں 

میری بیوی کو ڈاکٹر کی صرف اس ہدایت پر عمل کرنا بہت اچھا لگتا ہے کہ اچھی صحت کے لئے  سونا بہت ضروری ہے؛ اور وہ ہر لحاظ سے (گولڈ اور نیند) اس ہدایت پر پوری طرح عمل کرتی ہے اور اپنی ساتھی سہیلیوں  کو بھی یہی مشورہ دیتی ہے-اپنی بیوی کے لئے سونے کی کوئی چیز خرید کر لے جائیے (مچھردانی یا کمبل نہیں بلکہ گولڈ وغیرہ)  تو بیوی کتنی بھی ناراض کیوں نہ ہو خوش ہو جاتی ہے-  جب کبھی عورتیں گولڈ خریدتی  ہیں تو اس وقت تک ان کا کھانا ہضم  نہیں ہوتا جب تک وہ خریدے ہوئے گولڈ  کو اپنی پڑوسنوں کو نہ دکھا لیں  اور میرے  خیال  میں عورتوں کے سونا خریدنے کا مقصد  دوسروں کو بتانے ؛  جتلانے؛ جلانے اور دوسروں کے گھر لڑائی کروانے کے علاوہ کچھ اور نہیں ہوتا

کسی کا قول ہے کہ جو سوتا ہے وہ کھوتا ہے- پنجابی میں  کھوتا گدھے  کو کہتے ہیں یعنی اگر ہم سوتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ہم کھوتے ہیں اگر ایسی بات ہے تو پھر میں آج سے سونا ہی چھوڑ دیتا ہوں لیکن جس کو سونا ملے پھر وہ کب چھوڑتا ہے-ایک مزدور کو مالک نے ملازمت سے نکالتے ہوئے کہا   اگر تم کام نہیں کرو گے تو مجھے سو مل جائیں گے؛  مزدور نے مالک سے کہا اگر میرے کام نہ کرنے سے تمہیں سو مل جائیں گے پھر ٹھیک ہے مجھے کام کرنے کی کیا ضرورت ہے جو سو تمہیں ملیں گے اس میں سے پچاس مجھے دے دیا کرنا اور پچاس خود رکھ لیا کرنا

کوئی  رات کو نیند کی گولی کھا کر سوتا ہے اور کوئی گھوڑے بیچ کر سوتا ہے اور غریب آدمی تھک ہار کر سوتا ہے- جبکہ کوئی سولی پر بھی سو جاتا ہے اور کوئی آرام دہ بستر پر بھی سو نہیں پاتا-کسی کو سو سو کے نوٹ ملتے ہیں اور کوئی سو سو کے مزید سست ہو جاتا اور اس کی آنکھیں سوج ہو جاتی ہیں-دولہے کو سلامی کے وقت لوگ سو سو کے ہار پہناتے ہیں حالانکہ میرے خیال میں ہار پہنانے کیلئے سونا ضروری نہیں بلکہ ہار پہنانے کیلئے ہار ہونا اور ہاتھ ہونا ضروری ہے جن ہاتھوں سے آپ ہار پہنا سکیں صرف شادی کے دن ہی دولہے کو  سوسو کے نوٹوں کے ہار ملتے ہیں ہر روز کیوں نہیں ملتے ؛ اگر ہر روز سوسوکے نوٹوں کے ہار ملیں تو میں ہر  روز شادی ہی کرواتا رہوں پھر مجھے کمانے کی کیا ضرورت ہے دولہے کو تو سو سو کے نوٹوں کے ہار ملتے ہیں لیکن مجھے ہمیشہ سو سو کے اٹھنے پر جھڑکیاں ہی ملیں نوٹ کبھی نہیں ملے

ہمارے ملازم کا نام سونا ہے وہ سوہنا تو نہیں ہے لیکن وہ بچپن میں بہت سوتا تھا اس لئے گھر  والوں نے اس کا نام  سو ---نا  ---- رکھ دیا  کہ زیادہ نہ سو لیکن وہ سوتا ہے اور بہت سوتا ہے اور وہ شاید کھڑے کھڑے بھی سو جاتا ہے اسی لئی میری بیگم کسی بات پر  ڈانٹتے ہوئے کہہ رہی تھی اب جواب دو سوگئے ہو کیا بولتے کیوں نہیں-ایک دن جب میں دفتر سے گھر آیا تو میں نے اپنی بیگم سے پوچھا  کہ سونا  (نوکر) کدھر ہے اور بیگم کو ایک دم اپنے گولڈ کی فکر لاحق ہو گئی- وہ بولی گھر میں ہی ہے لیکن آپ کیوں پوچھ رہے ہیں- میں نے کہا ہاں خیریت ہے بس تم یہ بتاؤ سونا کدھر ہے- بیگم نے کہا میں تمھیں ہرگز سونا بیچنے نہیں دوں گی - ارے میں اپنے ملازم سونے کا پوچھ رہا ہوں - کیا وہ سونا لے کے بھاگ گیا ہے- اوہو نہیں ایسا کچھ نہیں مجھے اس سے کچھ کام ہے- بیگم بولی - ہائے اللہ میں تو گھبرا ہی گئی تھی-


*************

No comments:

Post a Comment