یہ ریڈیو گپستان ہے گپستان کے معیاری وقت کے مطابق گرم موسم کی وجہ سے ہمارے دن کے بارہ بجے ہوئے ہیں- اب آپ کلو غریب سے خبریں سنئے
سب سے پہلے ہیڈ لائنز اور ہیڈ لائنز میں شامل ہے :
وزیراعظم کا دورہ قبرستان
بھائی پھیرو کے قریب ایک ویگن اور مچھر میں تصادم
پاکستان ہاکی ٹیم کی شاندار ناکامی ، صدر اور وزیراعظم کی طرف سے ٹیم کو لخ دی لعنت
1: آج وزیرِاعظم
قبرستان پہنچے تو ان کا تھالیاں بجا کر پرتپاک استقبال کیا گیا- وزیرِاعظم
کے درباری بھی ان کے ہمراہ تھے- قبرستان کے تمام مَر دوں معاف کیجیے
مُردوں نے وزیرِاعظم مُردہ آباد کے نعرے لگائے - دو شرارتی
لڑکوں نے وزیرِاعظم کو لال مرچیں ڈال کر کانٹوں سمیت گل
دستے پیش کئے- یاد رہے کہ ان دونوں لڑکوں کا چار روز پہلے
دل کی اوٹ پٹانگ حرکتوں کی وجہ انتقال ہو گیا تھا- مُردوں کے وزیرِ اعلیٰ نے
وزیرِاعظم کا تمام مُردوں سے تعارف کروایا- وزیرِاعظم چند گھنٹے مُردوں کے ساتھ
رہے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا- بعد میں وزیرِاعظم نے
پورے قبرستان کا دورہ کیا اور مُردوں کو درپیش مسائل کو بڑی توجہ سے سنا اور ان کے
فورا حل کے حسب روایت ایک کمیٹی تشکیل دے دی-ایک مُردے نے
شکایت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان میں بجلی نہ ہونے کے باعث ہمیں سخت مشکلات کا
سامنا کرنا پڑتا ہے- بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے قبروں پر تیل کے
دیئے جلائے جاتے تھے - پہلے لوگ ان دیوںمیں ملاوٹ شدہ تیل ڈال
جاتے تھے لیکن اب کچھ وزرا حضرات دیے بھی اٹھا کر لے جاتے ہیں- وزیرِاعظم
نے بتایا کہ اللہ کے فضل و کرم سے خادمِ اعلیٰ 6 مہینوں میں بجلی بالکل ختم
کر دیں مطلب بجلی کے مسائل - ایک مُردے نے کہا کہ یہ وعدہ تو گزر چکا تو وزیرِاعظم
نے کہا کہ یہ وعدہ 2018 کے الیکشن جتوانے پر پورا ہوگا- خادمِ اعلیٰ
نے زور سے انگلی ہلاتے ہوئے خوش ہو کر کہا --- آہو آہو –
پاء جی ٹھیک
کہتے ہیں بلکہ ہم ایسا پاور پلانٹ لگا ئیں گے کہ آپ کو دن کے
وقت نظر آئے گا - صرف اور صرف رات کے وقت اندھیرا ہوا کرے گا-وزیرِاعظم
نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مُردوں کی تفریح کے لئے ہر قبر میں ایک ایک نہیں
بلکہ یگانگت کو فروغ دینے کے لئے ایک ہی ٹی وی لگایا جائے گا جس پر صرف
سرکاری ٹی وی کی خبریں اور اسمبلی
کے اجلاس کی سنسر شدہ
کاروائی پیش کی جائے گی- وزیرِاعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال چین
سے درآمد شدہ اے سی بھی لگائے جائیں گے- جس سے گرمیوں میں سخت گرمی اور سردیوں میں
سخت سردی لگے گی- آخر میں مُردوں نے وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کو
گالیوں معاف کیجیے تالیوں کی گونج میں رخصت کیا-
2: بھائی پھیرو
کے قریب آج سہ پہر ساڑھے دو بجے اور پنجاٹھ سیکنڈ پر ایک تیز رفتار ویگن نمبر 420
جو کہ امریکا نہیں بلکہ مری کا دورہ کرنے جا رہی تھی کہ
سالا ایک مچھر اس سے ٹکرا گیا جس سے ویگن میں سوار پونے سات مسافر
موقع پر ہی ویگن سے نکل کر بھاگ گئےاور زخمیوں میں صرف ویگن کی شناخت ہو سکی
جس کو ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے ورکشاپ بھیج دیا جائے گا- ڈینگی کے خوف
کی وجہ سے مسافروں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے-حادثہ
پیش آنے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ 80 سالہ مچھر اپنی 16 سالہ بُڈھی مطلب
اپنی بیگم سے گھر سے لڑائی کر کے نکلا تھا اور بیگم سے بچنے کے چکر میں اپنی
عینک گھر ہی بھول آیا تھا - نظر کمزور ہونے کی وجہ سے ڈرتے ڈرتے سڑک
پار کرنے لگا تو اچانک ویگن سے ٹکرا گیا -
مچھر سے
ٹکرانے کی وجہ سے ویگن کے اوسان خطا ہو گئے اور اس پر خرچے پیسے اڑ گئے جبکہ مچھر
کو ذرا بھی خراش تک نہیں آئی- ویگن کا ڈرائیور جائے حادثہ سے فرار ہونے میں کامیاب
ہو گیا - حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ڈرائیور کو پکڑنے والے یا اطلاع دینے والے شخص
کو حکومت کی طرف سے ڈیڑھ کلو چرس بطورِ انعام دی جائے گی- پولیس نے مقدمہ درج کر
لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے-
کھیل اور کھلاڑی :
جرمنی میں
چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے سلسلے میں پاکستان آج شاندار کھیل کا مظاہرہ
کرتے ہوئے اپنے پول کا چوتھا میچ بھی ہار گیا- آج پاکستان کا مقابلہ برطانیہ سے تھا- پاکستان نے یہ
میچ پانچ کے مقابلے میں ایک گول سے ہارا- آج بھی پاکستان نے اپنا روائتی کھیل پیش
کیا اور کھیل کے پہلے ہاف کے پانچویں منٹ میں شہباز سینئر نے غلطی سے گول کر
کے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلوا دی-
پاکستان نے
کھیل کے پندرھویں منٹ میں ایک بھر پور حملہ کیا جب برطانیہ کے ڈاکٹر اپنے زخمی
کھلاڑی کا علاج کرنے کے لئے گراونڈ میں آئے تو پاکستان کی فارورڈ لائن
نے بڑی اچھی موومنٹ بنائی اور برطانیہ کے چار کھلاڑیوں کو ڈاج دینے کے بعد ڈاکٹر
کو مار مار کے بھگا دیا- کھیل میں دلچسپی اس وقت پیدا ہو گئی جب دوسرے ہاف کے
دسویں منٹ میں برطانیہ نے لگا تار دو گول کر دیئے- اس کے بعد برطانیہ کی ٹیم نے
ہارنے کی انتھک کوشش کی لیکن پاکستان کے دفاعی کھلاڑیوں نے
بڑے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور خصوصا خالد ریڑھی والے نے کھیل کے آخری لمحات میں
لگا تار تین گول کر کے ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا- سامعین کی دلچسپی کے
لئے بتانا ضروری ہے کہ یہ تینوں گول برطانیہ کو نہیں بلکہ اپنی ٹیم کو کیے-
پاکستان کے وزیرِاعظم نے پاکستانی ٹیم کے شاندار کھیل پیش کرنے اور مسلسل چوتھا
میچ ہارنے پر حیرت کا اظہار کیا اور خصوصا خالد ریڑھی والے کی شاندار
کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک محتصر تعزیتی پیغام میں صرف "لخ دی لعنت"
لکھ کر ٹویٹر سے اپنا پیغام ٹویٹ کیا -
صدر ممنون حسین نے بھی ایک پیغام میں برطانیہ کی ٹیم کے میچ جیتنے پر مبارکباد دی ---- برطانیہ کو----- اور کہا کہ اگر پاکستان یہ چیمپئنز ٹرافی ہارنے میں کامیاب ہوگیا تو ٹیم کا ائیرپورٹ پر جوتوں کے ہار پہنا کر اور گدھوں پر بٹھا کر شاندار استقبال کیا جائے گا- گندے انڈے اور ٹماٹر بھی نچھاور کئے جائیں گے-
موسم کا حال:
محکمہ موسمیات کی اطلاع کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ تمام گھروں سے ایسی گرم ہوائیں چلیں گی جس سے بیویوں کا مزاج انتہائی گرم رہنے کی توقع ہے لہذا تمام بزدل شوہر حضرات کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ اپنے گھر سے دور رہیں کیونکہ آندھی آنے کے ساتھ ساتھ گھروں سے زور دار گالیاں برسنے کی بھی توقع ہے- آج ہوا میں نمی کا تناسب پتہ نہیں کتنے فی صد رہا-
اس کے ساتھ ہی اب تک کی خبریں ختم ہوئیں ہم سے اجازت لیجیے --- اللہ ساڈا نگہبان
*********************
No comments:
Post a Comment